پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ناکام، ایف آئی اے نےانسانی سمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا

Sep 08, 2024 | 12:46:PM

 (24نیوز) ایف آئی اے نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا۔

 وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور سرکل نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نشاندہی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک رنگے ہاتھوں پکڑا، نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر لوٹنے میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گروہ نے سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے، گروہ جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھتا تھا، انسانی سمگلنگ کے گروہ کا اپنا پرنٹنگ پریس تھا، پرنٹنگ پریس میں کئی ملکوں کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں۔

 حکام کے مطابق مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی اس گروہ سے معاونت لیتے رہے، نیٹ ورک کا بین الاقوامی ڈنکی گروہوں سے بھی رابطے کا انکشاف ہوا ہے، مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی اور افغانی باشندے ملوث ہیں۔

دورانِ تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بےنقاب ہوگئی، مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، تفتیش کے بعد ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلی جنس ایجنسی اور ایف آئی اے لاہور کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن انسانی سمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسی کی معلومات پر ایف آئی اے لاہور نے کامیاب آپریشن کیا جس پر مبارکباد دیتا ہوں، انسانی سمگلنگ روکنے کے اس طرز پر مزید آپریشن جاری رکھے جائیں گے، انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مزیدخبریں