جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا ، بیرسٹر سیف

Sep 08, 2024 | 12:57:PM

(24 نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، ملک کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے،جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قابلوں کو جگہ جگہ روکا جا رہا ہے، سندھ سے آنیوالے قافلوں کو ٹول پلازوں پر روکا گیا، مری سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، صبح سے خبر چل رہی ہے جلسہ گاہ سے بارودی مواد برآمد ہوا، کیا بارودی مواد پی ٹی آئی والے لے کر آئے؟

انہوں نے کہا کہ ایک ہی مطالبہ ہے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، یہ 8 فروری کو شکست کھائے ہوئے ہیں، ان کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا گیا،جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو کامیابی کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں،چاہے ایک بھی بندہ جلسہ گاہ ناپہنچ سکے لیکن ہم کامیاب ہو گئے،اسلام آباد میں کنٹینرز پر جلسہ ہو رہا ہے،حکومت کے ٹولے سےعوام جان چھڑانا چاہتی ہے ۔

 بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ان کے ذہنوں میں وحشت پیدا ہوچکی ہے، یہ ہماری کامیابی کی نوید ہے، ہم ڈرامے نہیں کر رہے، جمہوری طریقے سے اپنا آئینی حق استعمال کر رہے ہیں، جمہوری اختلافات نفرت میں تبدیل آپ کی حرکتوں کی وجہ سے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں: شہباز شریف

بیرسٹر سیف نے کہا کہ اپنے چند دنوں کے اقتدار کیلئے قوم کی بنیادوں کو مت ہلاؤ، یہ عمارت گر گئی تو تم بھی نیچے آ جاؤ گے، آپ کا لیڈر تو لندن بھاگ جائے گا لیکن تمہارے کارکن ہمارے ساتھ ہی لپیٹ میں آئیں گے، 8 فروری کے نتائج کو چیف الیکشن کمشنر نے تبدیل کیا، ہمارا مطالبہ ہے چیف الیکشن کمشنر کا احتساب کیا جائے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان کو غیر پارلیمانی اور آئین کو غیر آئینی طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، ہم چیف جسٹس کی توسیع کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اگر توسیع ایک گھنٹے کیلئے بھی کی گئی تو ہم سڑکوں پر ہوں گے، تم سے سپریم کورٹ کنٹرول نہیں ہوگی وہ آزاد ادارہ ہے، آئین اور جمہوریت کو بدنام نہ کریں۔

مزیدخبریں