وزیراعظم کے مشیر نے عمران خان کو ’اسرائیلی برانڈ‘ قرار دیدیا

Sep 08, 2024 | 16:20:PM

(24 نیوز) رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو اسرائیلی برانڈ قرار دیدیا۔کہتے ہیں کہ پاکستان سمیت ہر مسلمان کو فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے “سیاسی برانڈ” کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

ایک بیان میں وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل ٹائمز نے پاکستان میں “انقلاب” اور “تبدیلی” لانے کی حقیقت کھول دی ہے، اس انکشاف کے بعد 9 مئی کی منصوبہ سازی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “فارن فنڈنگ” اور “سماجی خدمت” ایک پلاننگ کا حصہ تھی جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی، نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی کو بدلنا تھا،پاکستان کو جوہری ملک بنانے، سی پیک لانے اور معاشی ترقی کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لیجانے والے نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے کی پوری کہانی اسرائیلی اخبار کے مضمون کو پڑھ کر پوری طرح سمجھ آ جاتی ہے۔

 ضرورپڑھیں:پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ناکام، ایف آئی اے نےانسانی سمگلنگ کا بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا
رانا ثنا نے کہا کہ اسرائیل نے عمران نیازی جیسے مہرے کے حق میں بیان کیوں دیا تھا، امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور ہوئی تھی، اس کے تانے بانے سب کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہے جسے “اسلامی ٹچ” دے کر مسلمانوں میں مقبول بنانے کی منظم کوشش ہوئی، پاکستان سمیت ہر مسلمان کو فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے “سیاسی برانڈ” کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، ان ٹھوس حقائق کے بے نقاب ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو جلسیوں کی نہیں، ڈوب مرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں