(احمدمنصور)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا اسلام آباد کے مقام سنگجانی پر ہونے والا جلسہ مقررہ وقت سے تجاوز کرنے اور این او سی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر انتطامیہ حرکت میں آگئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کے لیے جاری کیے گئے این او سی کی خلاف ورزی پر کارروائی کا حکم دے دیا جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ جلسے میں شرکت کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے روٹ متعین کردیے گئے ہیں، متعین روٹس کے علاوہ پیدل،موٹر سائیکلوں یا گاڑی پر جلسہ گاہ کی طرف سفر منع ہے اور اس کی قانوناً اجازت نہیں ہوگی اورمتعین کردہ راستوں کی خلاف ورزی پر سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پرامن اجتماع کا قانون بن چکا ہے جو نافذالعمل بھی ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔
جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ کا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کرلی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے میں این او سی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ، ڈی سی اسلام آباد نے جلسہ کے شرکاء کو منتشر کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے کا وقت دوپہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک کا تھا ،جلسہ منتظمین کو 6 بجے اس حوالے سے دوبارہ آگاہ کر دیا گیا تھا،جلسہ منتظمین کی جانب سے این او سی کی خلاف ورزی کی۔
دوسری جانب راولپنڈی کے چونگی نمبر 26 موٹر وے کے قریب پی ٹی آئی کے کارکنان اور پولیس آمنے سامنے ہوئے،کارکنان پر پولیس نے شیلنگ کی،کارکنان موٹر وے سے سنگجانی کی جانب روآنہ ہونا چاہتے تھے، روٹ کی خللاف ورزی پر پولیس نے کارکنان پر شیلنگ کی۔
قبل ازیں،پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی اسلام آباد جلسے کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ نے آرگنائزنگ کمیٹی کو خبردار کردیا تھا،اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسہ طے شدہ وقت پر ختم کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی تھی ۔
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) جلسہ آرگنائزرز کو منظورشدہ وقت کے مطابق انتظامیہ نے 7 بجے جلسہ ختم کرنے کا کہہ دیا گیا ،انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگر جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہوا تو اگلی دفعہ این او سی نہیں دیا جائے گا،وقت پر جلسہ ختم کرنا لازمی ہے، مقررہ وقت میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
یہ پڑھیں: پی ٹی آئی جلسے میں جانے والی گاڑی کو حادثہ،متعددکارکنان زخمی