(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی سسٹم میں کرپشن اور رکاوٹیں آ جائیں تو تبدیلی میں وقت لگتا ہے، 21 ویں صدی میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو بدلنا ہوگا، شعبہ تعمیرات اب تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ہم نے سسٹم کوخراب ہوتے ہوئے دیکھا ہے، ایک سسٹم بن گیا تھا کہ رشوت دیں گے تو کام ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایل ڈی اے اپارٹمنٹس کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں میں آٹو میشن کی مخالفت کرپشن کیلئے کی جاتی ہے، اداروں میں آٹومیشن کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، سٹیٹس کو کسی بھی نظام کو بدلنے میں بڑی رکاوٹ ہوتی ہے، کسی سسٹم میں کرپشن اور رکاوٹیں آ جائیں تو تبدیلی میں وقت لگتا ہے۔انہوں نے کہا اس منزل تک آنے کیلئے کئی مراحل طے کئے، فور کلوژر لاء کئی سالوں سے عدالتوں میں تھا، اپنی عدلیہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کے باعث اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملی، پاکستان میں مکان بنانے کیلئے بینکوں سے قرض لینے کا رواج کم ہے، دنیا بھر میں بینکوں سے قرض لے کر گھر بنانے کا رواج ہے، اگر آپ کے پاس پیسے نہیں تو گھر بنا ہی نہیں سکتے، اب کرائے کی رقم بینکوں کی قسطوں میں ادا کر کے گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ نقشے پھنس جاتے تھے، تعمیرات کیلئے اجازت نہیں ملتی تھی، کنسٹرکشن سیکٹر سے دیگر کئی انڈسٹریز ترقی کرتی ہیں، تعمیراتی شعبہ اور اس سے جڑی مزید صنعتیں چل پڑی ہیں، مارچ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی پیدا وار ہوئی ہے، تعمیراتی شعبے کیساتھ مزید 30 شعبے جڑے ہوئے ہیں، تعمیرات کے شعبے سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا، 35 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے، آج 4 ہزار اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ڈیڑھ سال کی مدت میں گھر لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کے متوسط طبقے کو گھر فراہم کرنے کے خواب کو پورا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: افسوس ۔۔۔بین الاقوامی کرکٹ پر ٹی-20 لیگ حاوی ، شاہد آفریدی