رمضان میں بلااجازت عمرہ ادا کرنے پر کتنا جرمانہ ادا کرنا پڑیگا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں بلااجازت عمرہ کےلیے جانے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں اجازت کے بغیر عمرہ کی ادائیگی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جو بھی شخص اجازت نامے کے بغیر عمرہ ادا کرنے جائے گا اسے 10 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق حکومت رمضان المبارک میں صرف ان لوگوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے گی جو کورونا ویکسین لگواچکے ہوں گے لہذا جن کو عمرہ ادا کرنے کیلئے حکومتی اجازت نامہ درکار ہے ان کیلئے لازم ہے کہ وہ کورونا کی 2 ویکسین لازمی لگوائیں۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صرف عمرہ نہیں بلکہ حرم شریف میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے لئے بھی اجازت نامہ درکار ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے والے افرد کیلئے بھی کورونا کی 2 ویکسین لگوانا لازم ہیں، خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ پابندیاں رمضان المبارک میں زیادہ رش کے سبب کورونا وبا کے پھیلاو کو کم کرنے کیلئے لگائی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد کروانے کیلئے سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق سعودیوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنا چاہتے ہوں یا نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد الحرام جانے کے خواہش رکھتے ہوں ان کیلئے اجازت نامہ لینا ضرری ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : عشائیہ میں28ارکان کی شرکت۔۔جہانگیر ترین نے اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر دیا