خانپور میں اغوا بچے بازیاب ،آئی جی نے ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے خانپور سے چند روز قبل اغواء ہونے والے بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، آئی جی پنجاب نے بچے بازیاب کروانے والی پولیس ٹیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور خان پور پہنچے جہاں انہوں نے ڈاکٹر فیملی اور بازیاب ہونے والے بچوں سے ملاقات کی، ننھے سبحان اور شایان نے آئی جی پنجاب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ایک اہم اجلاس میں شریک تھے جونہی انہیں واقعے کی اطلاع ملی تو وہ فوری لاہور آئے اور ہمیں جلد از جلد بچوں کو بازیاب کروانے کی ہدایات کیں، پنجاب پولیس امن و امان کے قیام کیلئے چوکس ہے جس کا واضح ثبوت انتہائی مختصر مدت میں دونوں مغوی بچوں کی بازیابی ہے"۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ "پنجاب کے اس آخری ضلع میں بھی پولیس پوری طرح جرائم کی بیخ کنی کیلئے متحرک ہے، آج رات سے ہی کچے میں آپریشن شروع ہو گا اور جو پہلی گاڑی کچے میں جائے گی وہ اعلیٰ افسران کی ہو گی، کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں بحال کرنا پہلی ترجیح ہے، آپریشن میں پاک آرمی سمیت تمام اداروں کی معاونت حاصل ہے"۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ" پہلی دفعہ سندھ پولیس بھی پنجاب پولیس کے ساتھ آپریشن میں ڈاکوؤں کا صفایا کرے گی، چند دنوں میں ہی بظاہر نوگو ایریا نظر آنے والے کچے میں امن قائم ہو گا، خان پور میں جلد نئے تھانے کا قیام اور جدید گاڑیاں بھی مہیا کی جائیں گی"۔