( اویس کیانی )وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ بیشتر کابینہ اراکین بھی ویڈیولنک پر ہی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا سردار ایاز صادق، سعدرفیق سمیت کابینہ کے چند اراکین ماڈل ٹاؤن لاہور سے شریک ہوئے، وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی، اجلاس میں اہم نوعیت کے امور پر غور جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے یا نہ دینے سے متعلق بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور صدر مملکت کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور کیا گیا،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی، اجلاس میں قانونی مشاورت اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر کے توثیق کے لیے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے، بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس کرنا مناسب ہے۔
ضرور پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ بل واپس بھیجنے پر صدر علوی پر تنقید
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ غیر ملکی لابی فرمز کے غلام حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بزدل وہ ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر خود چارپائی کے نیچے چھپ جائے۔عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی خاطر اپنی بیٹی کو قبول نہ کرنے والا بزدل ہے۔
مریم اورنگزیب نےکہا کہ آزادی کی جنگ لڑنے والا پہلا بزدل ہے جو کالے ڈبے منہ پر پہن کر باہر نکلتا ہے، بزدل وہ ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر خود چارپائی کے نیچے چھپ جائے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی کرسی کی خاطر ملک کےخلاف سازش کی۔