سینیٹ کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

Apr 09, 2024 | 10:08:AM
 نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس شروع ہو گیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار سینیٹ اجلاس میں پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا،سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔

بعد ازاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بطور پریزائیڈنگ افسر نو منتخب سینیٹرز سے حلف لیا جس کے بعد ارکان رول آف ممبرز پر دستخط کررہے ہیں۔

ایوان کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی آج کیا جائے گا،اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن دوپہر ساڑھے 12  بجے ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےکاغذات کی اسکروٹنی سوا 11 بجے ہوگی لہٰذا کاغذات گیارہ بجے سے قبل سیکرٹری سینیٹ آفس میں جمع کرائیں۔

پاکستان تحریک انصاف نےکل سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنےکا اعلان کر رکھا ہے،پی ٹی آئی کا مطالبہ ہےکہ خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کی ایوان میں موجودگی تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ملتوی کیا جائے۔

سینیٹ کے آج کے اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نو منتخب ممبران سینیٹ آئین کے آرٹیکل 65 کے تحت حلف اٹھائیں گے، ممبران سینیٹ رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے جب کہ سینیٹ کے نو منتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد چیرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔

ایجنڈے کے مطابق ضرورت پڑی تو خفیہ بیلٹ سے چیئرمین سینیٹ کا چناؤ ہو گا، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد نو منتخب چیئرمین سینیٹ حلف اٹھائیں گے، پھر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، ضرورت پڑنے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا خفیہ رائے شماری سے الیکشن ہوگا،  نتائج کے بعد نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیا جائے گا۔

سینیٹ اجلاس میں 37 نومنتخب ارکان بطور سینیٹر آج حلف اٹھائیں گے جس میں ضمنی الیکشن میں منتخب 6 سینیٹرز بھی ساتھ ہی حلف اٹھائیں گے۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہ ہونے کے باعث 11 سینٹرز حلف نہیں اٹھائیں گے۔

پیپلزپارٹی کے 18،مسلم لیگ (ن) کے 14، جے یوآئی کے 3، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2ا، ایم کیوایم ،اے این پی اور  نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن سینیٹرکا حلف اٹھائیں گے جب کہ 3 آزاد نومنتخب ارکان بھی بطور سینیٹر حلف اٹھائیں گے۔