یوسف رضا گیلانی چیئرمین اور سردار سیدال ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب، عہدوں کا حلف اٹھالیا
سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد)حکومتی اتحاد کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ (ن) کے سردار سیدال خان ناصر بلا مقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔
سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دیں،سینیٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بطور پریزائیڈنگ افسر نو منتخب سینیٹرز سے حلف لیا جس کے بعد ارکان نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے,آزاد حیثیت میں سیینٹر منتخب ہونے والے فیصل واوڈا اور جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع نےسینیٹ کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔
مزید پڑھیں: سٹاک مارکیٹ میں ایک اور تاریخ ساز دن، 70ہزار کی حد بھی عبور
اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےکاغذات کی اسکروٹنی سوا 11 بجے ہوگی لہٰذا کاغذات گیارہ بجے سے قبل سیکرٹری سینیٹ آفس میں جمع کرائیں۔
چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدواریوسف رضاگیلانی نےکاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئےحکومتی اتحادکےامیدوارسیدال خان ناصرنےکاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ دونوں امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
بعد ازاں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور (ن) لیگ کے سردار سیدال خان بلا مقابلہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھال لی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے حلف لیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
دوسری جانب سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردئیے . سید یوسف رضاگیلانی چیئرمین سینیٹ جبکہ سیدال ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب کر دیے گئے ہیں۔