(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے دریائے سندھ میں پانی کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اور سکھر بیراج میں پانی 71 فیصد کم ہو گیا۔ جبکہ تینوں بیراجوں میں 65 فیصد پانی کی کمی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، پاکستان کے تین صوبوں میں قحط کی صورتحال ہے۔ اور کاشتکاری کے لیے پانی نہیں ہے۔ لیکن پانی کی بچت کے بجائے مزید نہریں نکالی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے دردی سے زیر زمین بے تحاشا پانی نکالا جا رہا ہے۔ اور پانی کی کمی کے سبب زرعی شعبہ اور انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پانی کی کمی قومی ایمرجنسی ہے اور یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے پانی کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔