(24 نیوز)غزہ جنگ میں صیہونیوں کے ہاتھوں 15000 فلسطینی بچوں کی شہادت کا انکشاف ہوا ہے ۔
سیو دی چلڈرن نے غزہ جنگ میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کی شہادت کی اطلاع دی، بچوں کو قتل کرنے والی صیہونی حکومت غزہ جنگ کے آغاز سے ہی فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقصد سے گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اب امریکہ کی حمایت سے اس پٹی کا نسلی صفایا کر رہی ہے۔
اسی مناسبت سے، سیو دی چلڈرن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے اس خطے میں کم از کم 15,000 بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم میں واپسی، سُسر کا کیا کردار ہے؟ شاداب بول اُٹھے
اہلکار کے مطابق غزہ کے تقریباً 1.9 ملین باشندے اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں اور صہیونیوں کی طرف سے عام شہریوں اور صحت کے کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر اور ٹارگٹ حملے جاری ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں بچوں شہریوں یا طبی عملے کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔
اہلکار نے عالمی برادری سے تنازع کے فریقین پر دباؤ ڈالنے اور بچوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں اور بچوں کی حفاظت کے لیے اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کریں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں بچوں اور شہریوں کی حفاظت اور جانوں کو یقینی بنائے۔