(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف کامیڈین و اداکار کپل شرما نے حالیہ دنوں میں اپنی حیران کن جسمانی تبدیلی سے سب کو چونکا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کپل شرما نے نمایاں طور پر وزن کم کرلیا ہے جس کے بعد ان کا نیا روپ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر کپل شرما کی ممبئی ائیرپورٹ پر بنائی گئی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ہلکی ٹی شرٹ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو دیکھ کر مداحوں کی بڑی تعداد حیران رہ گئی۔ کچھ صارفین نے تو ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے کی نسبت کافی دبلا نظر آ رہے ہیں۔
مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا: "کیا طبیعت ٹھیک نہیں کپل کی؟" جب کہ ایک اور نے کہا: "ٹینشن میں وزن کم ہوگیا؟" کچھ نے تو یہ بھی پوچھا کہ "کپل بھائی، بیمار چل رہے ہو کیا؟ آج کل ایسے کیسے ہوگئے؟"
رپورٹس کے مطابق کپل شرما نے اکشے کمار کی فٹنس سے متاثر ہو کر جم جانا شروع کیا۔ وہ روزانہ صبح سویرے اٹھ کر سخت ٹریننگ کرتے ہیں، جس میں دو گھنٹے کی جم ایکسرسائز کے ساتھ ساتھ کک باکسنگ کی تربیت بھی شامل ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کپل نے یہ معمول فروری سے اپنایا ہوا ہے اور مسلسل اس پر عمل پیرا ہیں۔
اگرچہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کپل شرما نے کُل کتنے کلو وزن کم کیا ہے، تاہم پچھلے دنوں کی رپورٹس کے مطابق انہوں نے 11 کلو وزن کم کیا تھا۔
کامیڈی کے بادشاہ کی یہ نئی فٹنس جنّون اور حیران کن تبدیلی مداحوں کے لیے جہاں خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے، وہیں بہت سے لوگ ان کی صحت سے متعلق فکر مند بھی نظر آ رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کپل شرما اس نئے روپ میں اسٹیج یا اسکرین پر کب جلوہ گر ہوتے ہیں۔