سفاک شوہر نے بیٹی کے سامنے بیوی کو بے دردی سےقتل کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) ننکانہ صاحب میں شوہر نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف دیا کہ وہ آئندہ کبھی اپنی بیوی پر ہاتھ نہیں اٹھائے گا ،گھر آ کر بیٹی کے سامنے بیوی کو کلہاڑی کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے بھائی یاسین نے بتایا کہ ان کی بہن کی 15 سال پہلے خالد سے شادی ہوئی تھی اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ دونوں میاں بیوی کی بچوں کے معاملے پر لڑائی ہوئی جس کے بعد مقتولہ کچھ دن پہلے ناراض ہو کر بچوں سمیت ان کے گھر بہاری پور آ گئیں۔ جمعے کی رات خالد ان کے گھر آئے اور قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا کہ وہ آئندہ کبھی اپنی بیوی پر ہاتھ نہیں اٹھائیں گے اور اپنی بیوی بچوں کو ساتھ لے کر جانے کا کہا۔
یاسین نے بتایا کہ چونکہ دونوں میاں بیوی میں لڑائی ہو چکی تھی لہٰذا وہ احتیاطاً ایک دو رشتے داروں کو لے کر ساتھ چلے گئے تاکہ کہیں پھر کوئی جھگڑا نہ ہو جائے۔رات دو بجے کے قریب شور کی آواز آئی تو ہم نیچے بھاگے۔ دیکھا تو خالد میری بہن پر پے درپے کلہاڑی سے وار کر رہے تھے۔ شدید زخموں کی وجہ سے میری بہن موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ خالد ہمیں دیکھ کر موقعے سے فرار ہو گیا۔
یاسین نے مزید بتایا کہ جب خالد ان کی بہن پر کلہاڑی کے وار کر رہے تھے تو اس وقت ان کی 14 سالہ بیٹی سکتے کے عالم میں وہیں کھڑی تھی، بچی کے حواس اب تک بحال نہیں ہو سکے، وہ بچوں کو اپنے ساتھ گھر لے آئے ہیں جبکہ مقتولہ کی تدفین کر دی گئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں دفعہ302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: ای وی ایم انتخابات میں شفافیت کابہترین ذریعہ ہے: فوادچودھری