نوازشریف کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لے لیں: شیخ رشید

Aug 09, 2021 | 20:33:PM

Read more!

(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے پاسپورٹ کی معیاد فروری میں ختم ہو چکی ہے، ان کے پاس دو ہی راستے ہیں کہ یا تو وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لے لیں لیکن میرے خیال میں وہ سیاسی پناہ نہیں لیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل خطے کے امن کےساتھ کھیل رہے ہیں، ملک کا امن برباد کرنے کے پیچھے ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ان کاکہناتھاکہ ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہے۔ بھارت اور اسرائیل ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔ داسو سانحہ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سی پیک میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جا سکتی۔ یہ ملک کی بد نصیبی ہے کہ اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کہ آئندہ چھ ماہ میں اس خطے میں کیا حالات ہونے جا رہے ہیں۔
چینی سفیر سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔ چینی سفیر سے ایک ہفتے میں دو تفصیلی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ سی پیک کے راستے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ سی پیک کے لئے پوری قوم یک زبان ہے۔ جس طرح پوری قوم کشمیر کے جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑی ہے، اسی طرح سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے۔ جو لوگ اس ملک میں انتشار، خلفشار پھیلانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں انہیں منہ کی کھا نا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران سے اپیل ہے کہ وہ کورنا وبا کے باعث ایس او پیز پر عمل کریں۔ 13 اگست کو لال حویلی میں گزشتہ 40 سال سے جشن آزادی کی خوشی میں کی جانے والی آتشبازی احترام محرم الحرام کی وجہ سے منسوخ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر قانون کا اطلاق ہو گا۔ اسلام آباد میں سکیورٹی کے لئے 2 ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار ابھی اور ایک ہزار بعد میں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی ویکسین جن ممالک میں قابل قبول نہیں ہے ان کا سفر کرنے کے لئے 7 ایام میں سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
داسو واقعہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے اور اداروں نے یہ تحقیقات مکمل کر لی ہیں لیکن اس کا اعلان وزیر خارجہ کریں گے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آنےوالے واقعہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان وفد گزشتہ روز یہاں سے واپس گیا ہے، انہیں ہم نے مختلف علاقوں کا دورہ کروایا ہے۔ ان کو تمام ریکارڈ اور فوٹیج بھی دکھائی ہے۔ ہم نے ان سے کہا ہے کہ سفیر کی بیٹی کو یہاں بھیجا جائے اور جرمن موبائل فرانزک کےلئے جو چاہیے وہ بھی فراہم کیا جائے۔
نواز شریف کے پاسپورٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد فروری میں ختم ہو چکی ہے۔ ان کے پاس دو ہی راستے ہیں کہ یا تو وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لے لیں لیکن میرے خیال میں وہ سیاسی پناہ نہیں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باڑ لگانے کا کام 96 فیصد تک مکمل ہے۔ چمن کے بارڈر کی وجہ سے بہت سے نقل و حمل بند ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکرواقعہ میں ملوث نہیں تو تحقیقات کروائیں۔۔فردوس عاشق اعوان

مزیدخبریں