دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے ناخوش ہیں لیکن کامیاب نہیں ہونگے: صدر عارف علوی 

Aug 09, 2021 | 20:44:PM

(24 نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بعض دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کی جانب سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ہونے والی بات چیت میں فریقین کے خطے میں امن و خوشحالی کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہونے والی ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بات چیت کے دوران کہا کہ سٹریٹجک تعاون و شراکت داری پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔انہوںنے کہا کہ دونوں دوست ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا رہے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان، تائیوان ، تبت ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ملاقات میں داسو میں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے واضح طور پر کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔
چین کے سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین، پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی مزید 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔
صدر مملکت سے بات چیت کرتے ہوئے چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان، چین کا قریبی دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔چین کے سفیر نونگ رونگ نے اس موقع پرکہا کہ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔
ملاقات کے متعلق جاری کردہ اعلامیے کے تحت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے موقع پر جموں و کشمیر تنازعہ ، این ایس جی اور ایف اے ٹی ایف پہ چین کی حمایت کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو وہ اپیل کریں یا سیاسی پناہ لے لیں: شیخ رشید

مزیدخبریں