(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے شہباز گل کو گرفتار کرلیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کس کس کو گرفتار کروگے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگاؤ گے؟ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ایک خوفناک پلان تھا لیکن عمران خان کے جانثاروں نے واضح پیغام دیا کہ عمران خان ریڈ لائن ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ کئی ہفتوں سے خبردار کر رہا تھا کہ ہمیں پھر سے ایندھن بنایا جا رہا ہے، میڈیا خاموش رہا، امپورٹڈ حکومت خاموش رہی، امریکی غلاموں کی خاموشی بے سبب نہیں، انہوں نے خود یہ نیا کھیل شروع کیا، یہ شریک جرم ہے لیکن میرے لئے میڈیا کی خاموشی سمجھ سے بالاتر تھی، لیکن اب منصوبہ تو بے نقاب ہوا۔