(24 نیوز) ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نےکہا ہے کہ پیمرا ایکٹ واپس لینے کی بجائے تحفظات دور کرنے کی ضرورت تھی۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پیمرا ایکٹ کی ترامیم کو واپس نہیں لینا چاہئے تھا۔ اپنے بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ پیمرا ترمیمی ایکٹ پی بی اے، اے پی این ایس، ایمنڈ، سی پی این ای، پی ایف یو جے کے درمیان اجتماعی بات چیت کا نتیجہ تھا، بل میں میڈیا کارکنوں کے حقوق کے لئے بڑا اقدام شامل تھا۔ بل میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں جن میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف مذہنی شخصیت ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
بیان میں کہا گیا کہ میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں بعض چینلز کی طرف سے تاخیر کی جاتی ہے۔ اس لئے بل میں یہ تجویز شامل کی گئی کہ سرکاری اشتہارات کو کارکنوں کی تنخواہوں اور واجبات سے مشروط کیا جائے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے بھی چیرمین پیمرا کی تعیناتی حکومت کی بجائے پارلیمنٹ کے زریعہ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ پیمرا کے آزاد ادارہ کے تاثر کو مزید بہتر کرنے کے لئے اس پر غور کیا جانا چاہئے تھا، اسی طرح دیگر نکات کی بہتریکے لئے بھی مزید غور کیا جانا چاہئے تھا۔
ایمنڈ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بل واپس لینے کی بجائے بل کے متعلق تحفظات کو دور کرنے کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت تھی۔