ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان ہو گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، فہیم اشرف، طیب طاہر اور سعود شکیل بھی ٹیم سکواڈ میں شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشین کرکٹ کاؤنسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے اٹھارہ رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیا کپ کے سترہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا شیڈول، پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟ نئی تاریخ آگئی
قومی سلیکشن کمیٹی نے جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے، ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی پاکستانی ٹیم کے اوپنرز میں عبداللہ شفیق، فخرزمان اور امام الحق شامل ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں بابراعظم ( کپتان ) سلمان علی آغا، افتخار احمد اور طیب طاہر شامل ہیں۔ وکٹ کیپرز میں محمد رضوان اور محمد حارث، سپینرز میں شاداب خان ( نائب کپتان )، محمد نواز اور اسامہ میر، پیس آل راؤنڈر فہیم اشرف جبکہ پیسرز میں حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
افغانستان کے خلاف سیریز کے لئے 18 رکنی سکواڈ میں ان کھلاڑیوں کے علاوہ مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل شامل ہیں۔ سلیکٹرز نے اس سال اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے اسکواڈ سے دو تبدیلیاں کی ہیں۔ طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور سعود شکیل کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
پیس آل راؤنڈر فہیم اشرف 2 سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا، وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھیلے تھے۔
طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے، انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ کپ میں انڈیا کے خلاف128 رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار بھی ادا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی نئی ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لئے
سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں نے آخری بار مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے 348 رنز کا ہدف عبور کرکے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں، پچاس اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آعاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا، یہ پہلا موقع ہے کہ 2008 کے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور گروپ بی میں3 ستمبرکو بنگلہ دیش اور افغانستان جبکہ 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22 اور 24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔ پاکستان میں موجود کرکٹرز 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہونگے۔ یہ کرکٹرز 14سے16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔ لنکا پریمیئر لیگ اور دی ہنڈرڈ لیگ میں حصہ لینے والے کرکٹرز 18 اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔