(24 نیوز) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام مکمل ہونے پر پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہوگئی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے نیلم جہلم پراجیکٹ کا دورہ کیا جہاں وفاقی سیکریٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی اور چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) بھی دورے میں اُن کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے نیلم جہلم پراجیکٹ سے بجلی کی دوبارہ پیداوار کا افتتاح کیا اور یاد گاری تختی کی نقاب کشائی کی۔
خیال رہے کہ نیلم جہلم پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو 969 میگاواٹ بجلی فراہم کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ریلوے اور سٹیٹ لائف کے درمیان معاہدہ مسافروں کے انشورنس کور میں اضافہ
وفاقی وزیر نے کنٹرول روم اور پاور ہاؤس کا بھی تفصیلی دورہ کیا، وفاقی وزیر نے بجلی کی پیداوار بحال ہونے پر واپڈا اور پراجیکٹ ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
ٹیل ریس ٹنل میں بندش کے باعث نیلم جہلم پراجیکٹ سے گذشتہ سال بجلی کی پیداوار بند ہوگئی تھی۔
ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام کنسلٹنٹس کی زیرِ نگرانی اور بین الاقوامی ماہرین کی رہنمائی میں مکمل کیا گیا۔