سندھ میں پولیس کے شہداء کا معاوضہ پنجاب کے برابر کرنے کا فیصلہ

Aug 09, 2023 | 22:55:PM

(اعجاز جمالی) سندھ کابینہ نے  سندھ پولیس کے شہداء کا معاوضہ پنجاب کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے آج بلائے گئے سندھ کابینہ اجلاس میں سندھ پولیس کے شہداء کیلئے معاوضہ بڑھانے پر غور و خوض کرنے بعد  پنجاب حکومت کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کچے میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں کو 10 ہزار روپے کچہ الاؤنس دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مردہ قرار سیاسی رہنما آخری رسومات کےدوران زندہ ہو گیا

وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ اس وقت 10 ملین روپے شہید اہلکار کے ورثاء کو دیئے جاتے ہیں، کچے کے علاقے میں 4500 پولیس اہلکار کام کر رہے ہیں، کچے کے اہلکاروں کو الاؤنس دینے سے 540 ملین روپے سالانہ خرچہ آئے گا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ معاوضہ 2017 سے دیا جائے گا، شہداء کا معاوضہ بڑھانے سے سندھ حکومت پر سالانہ 754 ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

سندھ کابینہ کی جانب سے متفقہ طور پر منظوری کے بعد پولیس کانسٹیبل کیلئے 10ملین روپے، اے ایس آئی، ایس آئی پی کیلئے 12.5 ملین روپے، انسپیکٹر کیلئے 15 ملین روپے، ایس پی اور ایس ایس پی کیلئے 18 ملین روپے جبکہ ڈی آئی جی اور اسکے اوپر کے رینک کیلئے 20 ملین روپے شہداء معاوضہ مقرر کردیا گیا ہے۔

گنے کی نئی قیمت پر سندھ کابینہ میں بحث مباحثے بعد مشیر زراعت منظور وسان نے گنے کی نئی قیمت 425 روپے فی من تجویز کی اور کابینہ نے گنے کی نئی قیمت فی من 425 روپے کی منظوری دے دی۔

مزیدخبریں