(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار پے در پے ناکام فلموں کے بعد اپنی اگلی فلم کی ریلیز سے قبل ممبئی میں حاجی علی کی درگاہ پہنچ گئے۔
نامور اداکار اکشے کمار جو گزشتہ 3 دہائیوں سے بالی ووڈ میں اپنے ایکشن، کامیڈی اور جاندار اداکاری کی وجہ سے لوگوں کے دلوں پر راج کررہے ہیں، ان کی فلمیں اب کچھ عرصے سے پے در پے ناکام ہو رہی ہیں، ان کی آخری فلم ’سرفیرا‘ بری طرح فلاپ ہوئی اور وہ باکس آفس پر صرف 25 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب اپنی نئی آنے والی فلم ’کھیل کھیل میں‘ کی کامیابی کیلئے اکشے کمار فلم کی ریلیز سے قبل آج بھارتی شہر ممبئی میں حاجی علی کی درگاہ پہنچے اور چادر بھی چڑھائی، انہوں نے حاجی علی درگاہ کی تزئین و آرائش کے لیے 1 کروڑ 21 لاکھ بھارتی روپے ( 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ) عطیہ کیے۔
قبل ازیں اکشے کمار نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک چھوٹے سے لنگر کا بھی اہتمام کیا تھا، جس میں انہوں نے خود ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حنا چودھری نے جلد شادی کیوں کی؟اداکارہ نے نجی زندگی سے متعلق کھل کر بتا دیا
واضح رہے کہ اکشے کمار کی آنے والی فلم ’کھیل کھیل میں‘ بھارت کے یومِ آزادی 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی، فلم میں تاپسی پنوں، وانی کپوراور فردین خان بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔