معروف بنگالی اداکار شانتو خان ​​اور ان کے والد سلیم خان مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل

سلیم خان بنگلا دیش کے پہلے صدر مجیب الرحمٰن کی زندگی پر بننے والی فلم کے  بھی پروڈیوسر  تھے

Aug 09, 2024 | 09:47:AM

(ویب ڈیسک)  بنگلا دیش میں شیخ حسینہ واجدکے مستعفی ہونے کے بعد ملک میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران مشتعل ہجوم نے معروف بنگالی اداکار شانتو خان ​​اور ان کے والد ہدایتکار وپروڈیوسر سلیم خان کوبھی قتل کر دیا۔

بنگلادیشی میڈیاکی رپورٹس کے مطابق  اداکار شانتو خان کے والد سلیم خان بنگلا دیشی پروڈکشن ہاؤس کے مالک اور شیخ حسینہ کے حمایتی رہ چکے تھے جنہیں بعد میں عوامی لیگ سے نکال دیا گیا تھا،سلیم خان نے بطور پروڈیوسر اورہدایت کاربھی کئی فلمیں بنائی تھیں،وہ بنگلا دیش کے پہلے صدر مجیب الرحمٰن کی زندگی پر بننے والی فلم کے  بھی پروڈیوسر  تھے۔

  میڈیارپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شانتو اور ان کے والدسلیم خان ملک میں جاری مظاہروں کے درمیان بنگلادیش سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ چاند پور کے علاقے میں ان دونوں کا مشتعل ہجوم سے آمناسامنا ہوگیا۔ ایک بنگالی اخبارکی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہجوم سے سامنا ہونے کے بعد سلیم اور شانتو نے اپنے دفاع میں پستول سے گولیاں بھی چلائیں لیکن مظاہرین نے ان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے دونوں کو قتل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شانتو نے 2019 ء میں بنگالی فلم انڈسٹری میں قدم رکھاتھاجس کے بعد کئی مشہور بنگالی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے،اداکار اور ان کے والد کے قتل کی خبر سامنے آنے کے بعد بنگالی فلم  اورسنیماانڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف  شخصیات کی جانب سے افسوس کااظہارکیاجارہاہے۔

 بنگلادیش میں گزشتہ ماہ سے جاری  بھرپورعوامی احتجاج کے بعد پیر کو بنگلادیشی وزیر اعظم حسینہ واجد مستعفی ہوکر بھارت فرار ہوگئی تھیں،ان ہنگاموں کے دوران بنگلا دیش میں 300 سے زائد افرادمارے جاچکے ہیں جبکہ شیخ حسینہ کے استعفیٰ دینے کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کے گھروں پربھی مشتعل مظاہرین نے حملے کیے ہیں،عوامی لیگ سے وابستہ 29 سے زائد افراد کی لاشیں بھی مختلف جگہوں سے ملی ہیں۔

مزیدخبریں