(اویس کیانی)ترک سرمایہ کاروں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا سرمایہ کاروں کا دورہ، پاکستان میں ترکیہ کی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔
ترک وفد کی قیادت وزیر تجارت و کسٹمز ڈاکٹر عمر بولات کر رہے ہیں،ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے، تجارتی حجم کو سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترک صدر عزت مآب رجب طیب ایردوان سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تجارتی حجم کو موجودہ سطح سے بڑھا کر سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے پر اتفاق ہوا.
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ترکیہ کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔شہباز شریف نے کہا پاکستانی عوام ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں.ترکیہ کے سرمایہ کار وفد کا دورہ، پاکستان میں ترکیہ کی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا.
اس موقع پر ترکیہ کے وزیر تجارت نے کہا کہ 54 ترک سرمایہ کار کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا موجودہ حجم 3.5 ارب ڈالر ہے،ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترک وفد نے 2023 کے زلزلے میں پاکستان کی جانب سے متاثرہ ترک بہن بھائیوں کی بھرپور امداد پر وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا.
ترک وفد میں ترکیہ کے نائب وزیرِ تجارت مصطفی تزجو، TOBB کے صدر رفعت حصار جِکلیوعلو، DEIK کے صدر نَیل اولپک، ترکیہ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ایردال ایرن، MUSIAD کے صدر محمود عصمالی، TUMSIAD کے صدر یشار دوعان، ASKON کے صدر اورحان آئیدن، ترکیہ ایکسپورٹر اسمبلی کے صدر اتیلہ یرلیکایا اور ALBAYRAK ہولڈنگ کے چیئرمین احمت البیراک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی شامل تھے.
پاکستان کی جانب سے ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی شریک تھے.