"قوم کاسرفخر سے بلندکرنے پر شکریہ" ،شوبز ستاروں کی ارشد ندیم کومبارک باد
ملک کے مشکل حالات کے دوران خوشی کے چند لمحات دینے پر شکریہ ،آپ قومی ہیروہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اولمپکس کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے اورپاکستان کے لیے 40سال بعد گولڈمیڈل جیتنے پر ارشد ندیم کوہرطبقہ فکرکی جانب سے داددی جارہی ہے،پاکستانی شوبز ستاروں نے بھی ارشدندیم کو مبارک باددیتے ہوئے انہیں قومی ہیروقراردیاہے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈمیڈل جیتنے پر مختلف اداکاروں اور گلوکاروں نےسماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر ارشد ندیم کومبارک باددی ہے۔
گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ مائرہ خان نے ارشد ندیم کو قوم کا ہیرو قرار دیا ہے۔معروف اداکارہ عائزہ خان اورماڈل واداکارہ ہانیہ عامر نے نئی تاریخ رقم کرنے پر ارشد ندیم کی تعریف کی ہے۔ اداکار فہد مصطفیٰ اور سجل علی بھی پیچھے نہ رہیں اورانہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز پر ارشد ندیم کو پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر سراہا ہے۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار شہریار منور صدیقی نے پاکستانی جیولین تھرور کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یقین کرلیں پاکستانی پرچم اولمپکس کے میدان میں بلند ہوچکا ہے۔
اداکارہ ثناء جاوید،اداکارہ رمشا خان اور اداکار احد رضا میر نے بھی اس تاریخی لمحے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےشاندار کامیابی پر ارشد ندیم کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے پوری قوم فخر محسوس کر رہی ہے۔
اداکارہ کبریٰ خان اور اداکارہ سجل علی نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے قومی کھلاڑی کو مبارک باد پیش کی۔
اداکارہ حمائمہ ملک اوراداکارہ اقراء عزیز نے بھی ارشدندیم کو مبارک باد پیش کی ہے،اقراء عزیز نے ارشد ندیم کو انسٹااسٹوری میں ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی والدہ کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ حمائمہ ملک نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔
اداکارہ صنم جنگ، حرا مانی اور کنزہ ہاشمی نے بھی پاکستانی ایتھلیٹ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے،انہوں نے ملک کے مشکل حالات کے دوران اس کامیابی سے خوشی کے چند لمحات دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ ایمن خان نے ارشد ندیم کو چیمپیئن قرار دیا جبکہ اداکارہ یمنیٰ زیدی نے انہیں ملک و قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کرنے پر مبارک باد پیش کی۔
اداکار ہمایوں سعید، احمد علی بٹ اور عثمان خالد بٹ سمیت دیگر کئی فنکاروں نے بھی قومی کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے جبکہ گلوکار علی ظفر نے ان کے لیے 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
ماہرہ خان،فہدمصطفیٰ،ہمایوں سعید،عائزہ خان،سجل علی،ثناء جاوید