(علیشبہ آصف)مون سون بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ دریائی کچے بندوں کو مضبوط کرنے کے لیے مشینری اور افرادی قوت کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر بندوں کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی کمزوری کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں نے بھی اپنی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ریسکیو موک ایکسرسائز کے دوران ٹیموں نے ہنگامی صورتحال میں عوام کی مدد کرنے کے لیے مشقیں کی ہیں۔ ان مشقوں میں کشتیوں، ایمبولینسوں، اور دیگر امدادی آلات کا استعمال شامل ہے۔ ان مشقوں کا مقصد ریسکیو ٹیموں کی استعداد کار بڑھانا اور ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کرنا ہے جبکہ دریائی پٹی پر آباد گھروں کو ممکنہ سیلاب کے خطرے کے باعث خالی کروانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے بھی تمام محکموں کو سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
ڈی سی ملتان وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ اس دوران، لوگوں کو اپنا سامان پیک کرتے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی کیے ہیں تاکہ لوگوں کو باحفاظت منتقل کیا جا سکے جبکہ اسکے ساتھ ساتھ محکمہ ماحولیات ،محکمہ ہیلتھ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کہ وہ بھی کسی بھی ناگہانی صورت حال میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار رہے ۔
وسیم حامد سندھو کا مزید کہنا تھا کہ تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سیلاب کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ضلعی افسران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کریں۔ ریسکیو ٹیموں نے ہیلپ لائن نمبرز اور ایمرجنسی کانٹیکٹس بھی جاری کیے ہیں تاکہ عوام فوری طور پر مدد حاصل کر سکیں جبکہ پنجاب کے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں۔ مون سون کی بارشیں جاری رہنے کی توقع ہے اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
پنجاب حکومت نے بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہمہ وقت تیار رہیں۔ پی ڈی ایم اے نے بھی اپنے کنٹرول رومز کو فعال کر دیا ہے اور 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیلابی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔پنجاب حکومت اور پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں، عوام کو فوری طور پر ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرنا چاہئے تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
ملتان محکمہ انہار کی سپوک پرسن سومیہ مبارک کا کہنا تھا کہ محکمہ سار اسال بندوں کی حفاظت کے لیے منصوبہ بندی کرتا ہے ہمارے بند مکمل طور پہ تیار ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہر 6 گھنٹے بعد ہمیں صورتحال کے معتلق آگاہی دی جاتی ہے کسی بھی سیلابی صورتحال آنے سے پہلے ہمیں 70 گھنٹے پہلے معلومات ہوجاتی ہے محکمہ انہار کے ہر ضلع کے اکسئیرن اپنی ٹیم کے ہمراہ مکمل تیاری کے ساتھ تیار ہیں ہمارا محکمہ پی ڈی ایم کی وارننگ کے بعد سے الرٹ ہے
ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحب ذاد خان کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارشیں اس بار زیادہ متوقع ہیں۔ اس حوالے سے تمام محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ضلع انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں جبکہ محکمہ انہار بندوں کی مضبوطی اور سیلابی ریلے کی ریڈینگ کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کر رہا ہے عوام سے بھی درخواست ہے کہ افواہوں پہ یقین نہ کرے ضلعی انتظامیہ کی بات مانیں اور انکے تعاون کریں۔