آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے خبردار کردیا

Aug 09, 2024 | 18:54:PM
 آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے خبردار کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی ) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔  

نیشنل ایمرجنسی  آپریشن سنٹر نے  سندھ کےعلاقے  بدین، چھور، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد، جامشورو، کراچی اور خیرپور،  لاڑکانہ، مٹھی، مٹیاری، میرپور خاص، نوشہروفیروز اور پڈعیدن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے ، سجاول، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، سکھر، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، ٹھٹھہ، عمرکوٹ میں 12 اگست تک چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے ۔ 

ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی جانب سے الرٹ جاری کیے جانے پر این ڈی ایم اے نے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کی ہیں جبکہ شہریوں کو بھی موسم کی اپ ڈیٹس اور الرٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ  اربن فلڈنگ کے اثرات سے بچنے کے لیے نشیبی علاقوں کے رہائشی چھتوں اور کھڑکیوں کو مناسب طریقے سے واٹر پروف بنائیں،برساتی پانی جمع ہونے سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں، گٹر اور نکاسی آب کے نظام کو موثر بنائیں،کسی بھی کمزور انفراسٹرکچر کو محفوظ کر لیں جو تیز ہواؤں اور تیز بارش سے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

 این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ سیلابی پانی میں چلنے، تیرنے یا گاڑی چلانے سے گریز کریں،سیلابی علاقوں سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں، کھلے مین ہولز اور رکاوٹوں سے آگاہ رہیں،تیز بارش کے دوران شارٹ سرکٹ سے بچنے کے لیے برقی آلات کو ان پلگ کریں،گیلے ہاتھوں سے برقی آلات کو مت چھوئیں،علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ،پنجاب میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا، الرٹ جاری