خیبر؛ فائرنگ کے تبادلے میں4خوارج ہلاک،3جوان شہید

Aug 09, 2024 | 23:37:PM

(منصور احمد)خیبرکی وادی تیراہ میں 3مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اوردہشتگردوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے،سکیورٹی فورسز کی بھرپورکارروائی میں 4خوارج مارے گئے،شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 3جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں میانوالی کے 37سالہ حوالدار انعام گل ، ٹانک کے 29سالہ سپاہی محمد عمران شامل ہیں،مردان کے 22سالہ سپاہی الطاف خان بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار انعام گل شہید نے پاک فوج میں 15سال 6ماہ تک خدمات انجام دیں،حوالدار انعام گل شہید نے سوگواروں میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے۔سپاہی محمد عمران شہید نے پاک فوج میں 9سال تک خدمات انجام دیں،سپاہی محمد عمران شہید نے سوگواروں میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے۔سپاہی محمد الطاف خان شہید نے 2سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ انجام دیا،سپاہی محمد الطاف خان شہید نے سوگواروں میں والدین اور ایک بہن چھوڑی۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں خارجیوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کا سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے،فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قومی ہیروارشد ندیم کا طیارہ کب اور کس شہر میں لینڈ کریگا؟مداحوں کیلئے اہم خبر

مزیدخبریں