(24نیوز) اپوزیشن جماعتیں سینیٹ سے مستعفیٰ نہیں ہوں گی،حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات بھی نہیں کئے جائیں گے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی ۔
اسلام آباد میں منعقد کئے گئے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں نوازشریف،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے بہت سے نکات پر اتفاق کرلیا ہے۔جن میں سے ایک حکومت سے اُس وقت تک کوئی ڈائیلاگ نہیں کئے جائیں گے جب تک وزیراعظم عمران خان کا استعفا نہیں آتا۔اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی وصوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے اور سینیٹ سے مستعفیٰ نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ڈی ایم رہنماؤں کا ماننا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کیلئے کسی صورت خالی میدان نہیں چھوڑیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں نئے الیکشن پر متفق ہوگئی ہیں۔ پی ڈی ایم کے ایک سینئر لیڈر نے موقف اختیار کیا کہ آزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے۔الیکشن کمیشن تمام جماعتوں سے مشاورت کرسکتا ہے اور ایسی روایت بھی موجود ہے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی میں اپوزیشن احتجاج کے اگلے مرحلے کے طریقہ کار طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، پہلی ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور شٹرڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے۔