9 دسمبر71ء،بھارتی بحریہ کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)9 دسمبر71ء:جب پاکستانی آبدوز کے حملے میں بھارتی بحریہ کے 18 افسران اور 176 سیلرز مارے گئے۔عظیم خدمات کے اعتراف میں عملے کو 4 ستارہ جرأت، 6 تمغہ جرأت اور 14 امتیازی اسناد عطا کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پاک بحریہ کی آب دوز ہنگور نے 1971ء پاک بھارت جنگ میں آج ہی کے روز (9 دسمبر) کو بھارتی آب دوز شکن بحری جہاز آئی این ایس ککری کو تارپیڈو حملے میں سمندر میں غرقاب جبکہ آئی این ایس کرپان کو نقصان سے دوچار کردیا تھا۔پاک بحریہ کے سن 65ء کی جنگ میں کامیاب مشن آپریشن ’’دوارکا‘‘ کا تسلسل سن 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں بھی نمایاں رہا۔ 71ء کی جنگ میں پاکستانی سرفروشوں کے دشمن ملک کی افواج سے بیک وقت بری، فضائی اور بحری معرکے ہوئے۔ان ہی غیرمعمولی حالات میں پاک بحریہ کی آب دوز ہنگور نے بھارتی بحریہ کے فریگیٹ آئی این ایس ککری کو تارپیڈو حملے میں غرقاب جبکہ دوسرے بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کرپان کو بڑے نقصان سے دوچارکیا۔
جنگ عظیم دوم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کسی آب دوز نے جنگی بحری جہاز کو غرقاب کیا، پاک بحریہ کے تباہ کن حملے میں بھارتی بحری جہاز ککری پر موجود 18 بھارتی افسران اور 176 سیلرز ہلاک ہو گئے تھے۔9 دسمبر کو دشمن کو کاری ضرب لگانے کے بعد 13 دسمبر کو مشن کی تکمیل کے بعد وطن واپس لوٹی۔ بھارتی بحری جہاز ککری کا سمندر میں پاک بحریہ کے ہاتھوں غرقاب صرف ایک جنگی جہاز کی تباہی نہیں تھی بلکہ اس کے باعث بھارتی بحریہ کا مورال اورناپاک عزائم دونوں خاک میں مل گئے تھے۔عظیم خدمات کے اعتراف میں انھیں جو اضافی اسناد عطا کی گئیں وہ پاک بحریہ کے کسی بھی یونٹ کو دیے جانے والے اعزازت کی سب سے بڑی تعداد ہے۔