عظمیٰ بخاری سمیت مزید لیگی ارکان اسمبلی نے استعفےجمع کرادیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پی ڈی ایم قیادت کے حکم پر استعفوں کا سلسلہ چل پڑا۔مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری سمیت مزید ارکان نے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرادیئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے راحیلہ خادم حسین، عنیزہ فاطمہ، عظمیٰ بخاری اور ان کے شوہر سمیع اللہ خان نے بھی اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرادیئے ہیں۔
عنیزہ فاطمہ نے اپنے استعفے میں کہا ہےکہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ملکی مسائل صرف نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ہی حل ہو سکتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے استعفے میں کہا کہ 2018 کا الیکشن معلوم اور نامعلوم مخلوق کی جانب سے الیکشن ڈیزائن کیا گیا، الیکشن انجینئرڈ ہونے کے باوجود (ن) لیگ نے 129 سیٹیں حاصل کیں اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے حصے 120 سیٹیں آئیں۔
استعفے کے متن میں کہا گیاہےکہ الیکشن کے بعد ایک سیاسی رہنما کا جہاز حرکت میں آگیا اور پنجاب میں (ن) لیگ کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا، غیر آئینی غیر جمہوری اقدام کے باوجود (ن) لیگ کی قیادت نے عمران خان کو موقع دیا لیکن اڑھائی سال بعد پاکستان کا ہر شعبہ زوال پذیر ہے لہٰذا پاکستان اور پنجاب اب مزید تباہی اور بربادی کامتحمل نہیں ہوسکتا، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ ہو اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔
اس کے علاوہ ممبر قومی اسمبلی چودھری محمود ورک، ایم پی اے صفدر شاکر، ملک صہیب احمد بھرت، ایم پی اے مظہر قیوم ناہرہ نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دے دیا ہے۔
(ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے بتایا کہ خرم دستگیر سمیت 20 سے زائد ارکان اسمبلی نے استعفوں کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، کچھ ارکان نے استعفے بھجوادیئےہیں باقی بھجوارہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل لاہور سے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی سیف کھوکھر نے بھی ن لیگی قیادت کو استعفے جمع کرادیئے ہیں جبکہ سرگودھا سے ایم این اے رانا منور غوث نے بھی اپنا استعفا پارٹی قیادت کو دے دیا ہے۔