(24نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان 23 خفیہ فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کابتائیں جو اسٹیٹ بینک نے پکڑے ہیں ۔انہوں نے پارلیمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن کو بھی تالا لگادیا تاکہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت نہ ہو، فارن فنڈنگ کیس سے بھاگنا ثبوت ہے کہ آپ کی ناجائز دولت پکڑی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے سے آپ کی ناجائز دولت نہیں چھپے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کی ناجائز غیرملکی دولت سے پاکستان کی معیشت، خارجہ پالیسی اور عوام کی تباہی کا ایجنڈا قوم سمجھ چکی ہے، آٹا چینی چوری میں آپ کی ناجائز دولت نہیں چھپے گی، عوامی دولت لوٹنے کا جواب دینا ہوگا ، بنی گالہ محل، زمان پارک، آپ کی پرتعیش زندگی کے پیچھے کس کس کا مال ہے، یہ قوم کو سمجھ آچکی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان جو بائیڈن کی چاپلوسی کے بجائے علیمہ باجی کی بیرون ملک جائیدادوں کا راز بھی قوم کو بتائیں ۔عمران صاحب ترقی پذیر ممالک کی بدعنوان اشرافیہ ہیں جس نے عوام کو مہنگائی اور مفلسی کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ جوبائیڈن کے بیان پر خیرمقدم سے پہلے اپنی ناجائز دولت کے فارن فنڈنگ کیس کا جواب دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 6 سال سے اربوں روپے کے فارن فنڈنگ کیس میں آپ مفرور ہیں، اس کے بارے میں بتائیں ۔