اتنا سستا، دلیپ کمارکے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے

Dec 09, 2020 | 18:40:PM
 اتنا سستا، دلیپ کمارکے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)خیبر پختونخوا کے محکمہ آثارِ قدیمہ نے دلیپ کمار اور راج کپور کی پشاور میں آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کیلئے گھروں کی قیمت کا تعین کرلیا ۔دلیپ کمارکے گھر کی مجموعی قیمت 80 لاکھ 56  ہزار اور  راج کپور کے گھر کی قیمت ایک کروڑ 50لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطا بق دونوں گھروں کی اراضی کی قیمت کاتعین ڈپٹی کمشنر پشاور اور دونوں گھروں کے ڈھانچے کی قیمت کا تعین سی اینڈ ڈبلیو نے کیا۔ محکمہ آثار قدیمہ نے فنڈز کی فراہمی کے لئے سیکرٹری ثقافت کو کیس ارسال کردیا، دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے۔ یہ کبھی رہائشی علاقہ ہوتا تھا مگر اب یہ ایک بڑا کاروباری مرکز ہے۔دلیپ کمار کے نام سے مشہور محمد یوسف خان کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو اس گھر میں ہوئی تھی اور 1930 میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔2013 میں دلیپ کمار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔ 1988 میں دلیپ کمار نے اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے اپنے گھر کی دہلیز کو چوما تھا اور میڈیا کے سامنے اپنے بچپن کی یادیں دہراتے رہے تھے۔1997 میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بھی وہ پشاور میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتے تھے مگر استقبال کے لئے آنے والے عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔پشاور میں کپور حویلی دلگران کے علاقے میں واقع ہے۔ بھارت میں بالی ووڈ کو متعدد سپر اسٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اس حویلی میں پیدا ہوئی ۔ اس کو 1918 سے لے کر 1922 کے درمیان میں راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا۔