حکومت کو بڑا جھٹکا، لاہور جلسہ روکنے کیلئے دائر درخواستیں مسترد

Dec 09, 2020 | 19:08:PM

(24 نیوز)پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کیلئے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنا دیاگیا،لاہورہائیکورٹ نے پی ڈی ایم کاجلسہ روکنے کی استدعا مسترد کردی،جسٹس جوادحسن نے 16 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔
قبل ازیں لاہورہائیکورٹ میں کورونا خطرات کے باعث پی ڈی ایم کاجلسہ روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس جواد الحسن نے کہاکہ آپ کا کیا قانونی حق ہے کہ جلسہ روکنے کی درخواست دائر کریں، کیا آپ سیاسی کارکن ہیں؟کیا آپ کوئی ریلی نکالنے والے ہیں؟،ندیم سرور ایڈووکیٹ نے کہاکہ یہ بنیادی حق کے تحفظ کامعاملہ ہے،ہمارے محلے کے لوگوں نے بھی جانا ہے،جسٹس جواد الحسن نے استفسارکیا کہ ایک شخص جس کا تعلق نہیں وہ کیسے اقدام کو چیلنج کرسکتا ہے؟،جسٹس جوادالحسن نے استفسار کیا کہ کبھی زندگی میں جلسوں میں شرکت کی ہے؟،ندیم سرور ایڈووکیٹ نے کہاکہ میں نہیں گیا مگر علاقے کے لوگ جائیں گے تو کورونا پھیل سکتا ہے ،درخواست گزار کی دادرسی کاہائیکورٹ کے علاوہ کوئی متبادل فورم موجود نہیں۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ ن لیگ نے جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی ہے،مینارپاکستان میں پورے پاکستان سے لوگ آنے ہیں اور کورونا کے پھیلنے کا خطرہ ہے ،جس پر جسٹس جوادالحسن نے فیصلہ محفوظ کر لیا  جسے بعد ازاں سنادیا گیا ۔

مزیدخبریں