شوکت صدیقی کی ریٹائرمنٹ سے پہلے کیس کا فیصلہ دے دینگے، سپریم کورٹ

Dec 09, 2020 | 21:19:PM

(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی عہدے سے ہٹانے کیخلا ف اپیل پر سپریم کورٹ نے کہاہے کہ شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ سے پہلے کیس کا فیصلہ دے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،وکیل حامد خان نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے موکل شوکت عزیز صدیقی اگلے سال ریٹائر ہو جائیں گے چاہتے ہیں کیس کا فیصلہ جلد ہو جائے، جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ سے پہلے کیس کا فیصلہ دے دیں گے، عدالت نے کیس کی سماعت اگلے سال جنوری تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کو اسلام آباد،راولپنڈی اور کراچی بار کی درخواستوں پر اعتراضات پر وکلا کو آگہی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہایہ بڑا کیس ہے، چاہتے ہیں وکلا کو تسلی سے سن کر فیصلہ کریں، بنچ اگر چار ممبرز سے زیادہ ہو تو روٹین کیسز متاثر ہوتے ہیں، رجسٹرار آفس کے مطابق درخواستوں میں استعمال کی گئی زبان درست نہیں، تمام درخواست گزاروں کو اعتراضات سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو 11 اکتوبر 2018 کو خفیہ اداروں کیخلاف تقریر کرنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں