کورونا وائرس کب ختم ہو گا؟ بل گیٹس نے نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(نیوز ایجنسی)مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا اہم ترین مرحلہ 2022 کو ختم ہوجائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے بلاگ گیٹس نوٹس میں 2021 کے ریویو تحریر کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ ایک اور پیشگوئی کرنا احمقانہ محسوس ہوگا مگر میرا خیال ہے کہ وبا کا خطرناک مرحلہ 2022 میں کسی وقت اختتام پذیر ہوجائے گا۔
دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ کورونا کی وبا کا خاتمہ جلد ہوجائے گا مگر ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آتا جس کی وجہ ڈیلٹا قسم اور لوگوں کی ویکسینیشن کی مشکلات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اومی کرون قسم تشویشناک ہے مگر نئی اقسام کو شناخت کرنے، ویکسینز اور اینٹی وائرل ادویات کی تیاری کی رفتار کے باعث انہیں توقع ہے کہ 2022 میں کووڈ ایک اینڈیمک یا مقامی مرض بن کر رہ جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وبا کے کسی بھی مرحلے کے مقابلے میں اب دنیا وائرس کی خطرناک اقسام سے نمٹنے کے لئے بہتر طور پر تیار ہے، ہم اب ضرورت پڑنے پر اپ ڈیٹڈ ویکسینز تیار کرنے کے لئے بہتر پوزیشن میں ہیں۔
بل گیٹس کے مطابق اومی کرون قسم کے بارے میں کافی معلومات جیسے موجودہ ویکسینز کی اس کے خلاف افادیت یا سابقہ بیماری سے تحفظ وغیرہ جلد دستیاب ہوگی، کیونکہ محققین کی جانب سے اس بارے میں جاننے کے لئے کام کیا جارہا ہے۔بل گیٹس نے بتایا کہ ویکسینز اور اینٹی وائرلز کی بدولت مستقبل میں کووڈ 19 کے جان لیوا ہونے کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے لکھا کہ مختلف برادریوں میں کبھی کبھار لہر ابھرے گی مگر بیشتر کیسز کے لئے گھر میں علاج کےلئے نئی ادویات دستیاب ہوں گی اور باقی کیسز کو ہسپتال سنبھال لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔حکومت نے عوام کو 420 وولٹ کا جھٹکا دیدیا، فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے مہنگا