(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی میں لوٹ مار کرتے 4 ڈاکوؤں پر شہری نے فائرنگ کردی، فرار کی کوشش کرتے ہوئے 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، شدید تشدد کے بعد عوام نے ملزمان کو پولیس کو حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں دودھ کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کرنے والے 3 ڈاکوؤں پر دکاندار نے فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقعے پر ہلاک، دو فرار ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 45 سالہ زخمی دکاندار جاوید نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی دکاندار کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔