(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی پی پی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں کہا کہ پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے، پی پی،ن لیگ کے محض 3 سالوں کے فنڈز کی اسکروٹنی کی جا رہی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کی درخواست پر 2008 سے پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کی گئی، دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کی سکروٹنی سے متعلق اپنی منصفانہ و شفاف کردار کھو دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی 2 ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے، عدالت پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن کے 5 سال کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کا حکم دے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ چھٹیوں کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں، جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ ہماری استدعا ہے پہلے رکھ دیں بہت دیر ہوجائے گی، چھوٹا سا مسئلہ ہے۔
جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ چھوٹا مسئلہ تو ہے پر اگلے ہفتےآپ کے باقی بڑے مسئلے بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں۔ ایسا کرتے ہیں پھر چھٹیوں سے پہلے سماعت کے لیے رکھ لیتے ہیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی کی پی پی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی تحقیقات کی جلد سماعت کی درخواست منظور کرلی اور رجسٹرار آفس کو درخواست 22 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔