(24 نیوز)صدر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے چین کا قریبی ساتھی ہے،دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مقامی کرنسی کے استعمال کے آپشنز تلاش کرنے چاہئیں ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چینی سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی، صدر عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک تزویراتی منصوبہ ہے ،سی پیک کی پاکستان ، چین، علاقائی اور دنیا کے دیگر ممالک کےلئے اقتصادی، مالیاتی، ترسیل اور رابطہ سازی میں اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،دوسرے ممالک کو سی پیک میں شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے۔
صدر مملکت نے کہاکہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا مکمل فعال ہونا ایک اہم سنگ میل ہے ،چینی آئی ٹی سیکٹر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے ۔صدر مملکت نے چین اور گوادر کے درمیان سڑک کے رابطوں کو پورا سال تمام موسمی حالات میں مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان نے چینی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، پاکستان چینی قیادت کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے سیکھ رہا ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں سے اقتصادی، مالیاتی، مواصلات، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوا،موجودہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں چین نے خطے میں بہت اہمیت اختیار کر لی ہے ۔
صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے چین کا قریبی ساتھی ہے،دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مقامی کرنسی کے استعمال کے آپشنز تلاش کرنے چاہئیں ۔
چینی سفیر نے صدر مملکت کو چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کھاچیانگ کی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں ، چینی سفیر نے کہاکہ چینی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے لاکھوں متاثرین کی تکالیف کم کرنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور ہمدردی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سونا مزید مہنگا، فی تولہ قیمت ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی