(24 نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس کی 8 دسمبر کی سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا۔
عدالتی حکمنامے میں کہاگیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ارشد شریف قتل کیس کیلئے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن پیش کیا،جے آئی ٹی کی معاونت کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس افسران پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی۔
حکمنامے میں مزید کہاہے کہ وزارت خارجہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی نیروبی میں معاونت کے حوالے سے رپورٹ بھی جمع کروائی ہے، رپورٹ میں مزید سفارتی اقدامات بارے بھی بتایا گیا ہے۔
عدالتی حکمنامے میں مزید کہاگیاہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو سپیشل جے آئی ٹی کی معاونت بارے بتایا، توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کیلئے جے آئی ٹی دل جوئی سے کام کرے گی،تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے کہاہے کہ کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر تحقیقاتی ٹیم براہ راست چیف جسٹس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی،توقع ہے جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتا فوقتاً ان چیمبرز جمع کروائے گی،پہلی عبوری رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی شارع فیصل گولیوں سے گونج اٹھا،ایک ڈاکو ہلاک،گارڈ زخمی