(24نیوز)قانون و انصاف کے وفاقی وزیر سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقبل روشن ہے ۔اگر رکن ممالک دیرپا ترقی اور قانون کی حکمرانی کےلئے متحد ہو کر کام کرتے رہے تو خطہ امن اور خوشحالی کا گہوارہ بن جائے گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے نویں وزرائے انصاف اجلاس کی میزبانی پاکستان نے کی جس سے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک چائنہ، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور انڈیا کے وزرائے انصاف نے خطاب کیا ۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف سے مکمل طورپر ہم آہنگی رکھتے ہیں ۔
پاکستان قانون و انصاف کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے سمیت مشترکہ اہداف حاصل کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک کے وزراء نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم مشترکہ اقدار ، مفادات ،مواقعوں کے فروغ اور رکن ممالک کی خوشحالی اور پائیدار شراکت داری کے لئے بہترین فورم ہے۔