(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے غزہ کے بچوں کو کھانے کی طرح نظر آنے والے کھلونے فراہم کرنے پر اقوامِ متحدہ کے عمل کو شرمناک قرار دے دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر فلسطینی صحافی محمد سمری نے ایک تصویر جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھانے کی طرح نظر آنے والے مصنوعی چکن نگٹس، دودھ کا پیکٹ، فرنچ فرائز، برگر اور آئس کریم پیک کے کھلونے شاپر میں پیک کیے گئے ہیں۔پوسٹ کے کیپشن میں صحافی نے لکھا کہ "ہمارے بچوں کو کھانا دینے کے بجائے اقوام متحدہ کھانے کی طرح دکھنے والے کھلونے دے رہا ہے۔"
پوسٹ منظر عام پر آنے کی دیر تھی کہ فلسطین کے دکھ میں شامل ہونے والے لوگوں نے سوشل میڈیا پر غم غصے کا اظہار کردیا,شدید برہمی کا اظہار کرنے میں اداکارہ اشنا شاہ نے بھی صحافی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے اس عمل کو شرمناک اور "احمقانہ مذاق" قرار دےدیا۔
یہ بھی پڑھیں:بولڈ لباس پر تنقید، فریال مخدوم کا ناقدین کو کرارا جواب
ایکس اکاؤنٹ پر اشناشاہ نے لکھا کہ کیا کوئی اس کی تصدیق کر سکتا ہے؟ کیا یہ انتہائی فضول مذاق کرنے کا خیال اقوام متحدہ کا ہے؟انہوں نے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "کیا یہاں کوئی مقابلہ ہورہا ہے کہ بدترین سلوک کرنے میں کون سی تنظیم سب سے زیادہ نیچے گر سکتی ہے؟"
یاد رہے کہ غزہ کے حالات دن بہ دن بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں اسرائیل اپنی پوری طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مسلسل معصوم فسلطینیوں کو جان سے مارنے اور انہیں صفحہ ہستی سے مٹانے پر تلا ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اب تک زمینی، فضائی حملوں سے 15 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جس میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔