(راؤدلشاد)مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) کی کمیٹی سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے فارمولہ اور امیدواوں کا چناؤ کرے گی۔
تفصیلا ت کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے،مسلم لیگ ن کے قائدین کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات اور رابطے جاری ہیں ، ایم کیو ایم کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد اب کوشش استحکام پاکستان پارٹی کو رام کرنے کی ہے،کمیٹی جمعہ کی شام مذاکرات کا پہلا راونڈ کر چکی، پہلے راونڈ میں مسلم لیگ ن اور آئی پی پی کے درمیاں مختلف نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن لاہور میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدلعلیم خان کو قومی اسمبلی کی نشست پر سپورٹ کرے گی ، ساہیوال میں نعمان لنگڑیال کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کرےگی اور عون چوہدری اور اسحاق خاکوانی کے مقابلے میں بھی اپنا امیدوار نہیں لائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ محفوظ
ذرائع کے مطابق لودھراں میں بھی مسلم لیگ ن ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر آئی پی پی کی حمایت کرے گی،ڈاکٹر مراد راس، امین چوہدری سمیت آئی پی پی کے دیگر امیدواروں کی نشستوں پر مزید مذاکرات ہوں گے، جبکہ کمیٹی اگلے چند روز میں نواز شریف کے سامنے آئی پی پی کے مطلوبہ حلقوں کی فہرست پیش کرے گی،آئی پی پی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی جانیوالی نشستوں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کرینگے۔