(24 نیوز) پنجاب میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز، زراعت، آبپاشی، خوراک، اطلاعات، کمشنر لاہور اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر اورتمام ڈویژنل کمشنرزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز میں اہم سیاسی شخصیت کی شمولیت، کھلبلی مچ گئی
اجلاس میں گندم کی کاشت اوریوریاکی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت نادر چٹھہ نے بتایا کہ گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے، پنجاب میں ایک کروڑ 60 لاکھ ایکڑ اراضی پر گندم کی بوائی کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے، ہدف سے زیادہ 6 لاکھ ایکڑ اراضی پرمزید بوائی ہو گی، انشاء اللہ پنجاب بھر میں گندم کی پیداوار 30سے 34من فی ایکڑ متوقع ہے، بروقت گندم کی بوائی اور ڈی اے پی کے استعمال میں 52فیصد اضافے سے بہتر پیداوار متوقع ہے، پنجاب میں تصدیق شدہ بیج کے استعمال میں 20فیصد اضافہ ہواہے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں کمشنرز کوایپ پر متعلقہ اضلاع میں کھاد کی نقل وحمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، یوریاکھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے تمام ترانتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا، کھاد بنانے والی کمپنیوں اور ڈیلرز سے بھی رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کھاد ساز کمپنیوں اور ڈیلرزکااجلاس طلب کر لیا گیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے۔