(امانت گشکوری) چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی کے 7 دسمبر کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی کے 7 دسمبر کے اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 4 جنوری کو ہو گا، چیف جسٹس پاکستان موسم سرما کی تعطیلات کے دوران کسی بنچ کا حصہ نہیں ہوں گے، سپریم کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات کیلئے بنچز تشکیل دے دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر!! بارات پر نا معلوم افراد کی فائرنگ
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں ایک بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تشکیل دیا گیا، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بنچ میں شامل ہوں گے، 3 رکنی بنچ 18 دسمبر سے 22 دسمبر تک مقدمات کی سماعت کرے گا، 26 دسمبر سے 29 دسمبر تک اسلام آباد میں کوئی بنچ نہیں ہوگا۔
اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کوئٹہ اور پشاور رجسٹریز میں بھی ایک ایک بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل کوئٹہ رجسٹری میں سماعت کریں گے جبکہ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کراچی رجسٹری میں سماعت کرے گا اور جسٹس سردار طارق مسعود 26 سے 29 دسمبر تک چیمبر ورک کریں گے۔