صدر، وزیراعظم کا پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کا عزم
سخت احتسابی اقدامات سے کر پشن کا خاتمہ ممکن ہے، آصف زرداری، شہباز شریف کا انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نے کرپشن کے خلاف عالمی دن پر کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کو دہرایا اور تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ شفاف اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرپشن کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کےلئے سخت احتسابی اقدامات کے نفاذ اور طرز حکمرانی میں شفافیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،کرپشن کے تباہ کن اور ہمہ گیر اثرات بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی منا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کرپشن سے پاک مستقبل کی مستحق ہے، 9 دسمبر کو منایا جانے والا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف عالمی کوششوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس سال کے موضوع ’’بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا: کل کی سالمیت کی تشکیل‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کرپشن کے خاتمے اور شفاف نظام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی کسی بھی ملک کی معیشت اور سماجی ڈھانچے کے لیے ایک گھناؤنا چیلنج ہے، یہ قوموں کو ان کی صلاحیتوں سے محروم کر دیتی ہے اور عوام کو مساوی مواقع اور منصفانہ حکمرانی کے فوائد سے محروم رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ترقیاتی وسائل کا صحیح استعمال نہیں ہو پاتا، جس سے عدم مساوات بڑھتی ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ اس کا نتیجہ حکومت اور شہریوں کے درمیان اعتماد کے فقدان کی صورت میں نکلتا ہے۔
وزیراعظم نے میڈیا کے فعال کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ شفافیت اور احتساب کے فروغ میں میڈیا کی شمولیت ناگزیر ہے۔