احد رضا میرکی "م سے محبت" کے ذریعے ٹی وی پر واپسی

مومنہ دریدپروڈکشن کی ڈرامہ سیریل کوفرحت اشتیاق نے لکھا اورعلی حسن نے ڈائریکٹ کیاہے 

Dec 09, 2024 | 10:31:AM
احد رضا میرکی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف اداکاراحد رضا میرڈرامہ سیریل"م سے محبت" کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر واپس آگئے۔

ڈرامہ سیریل "م سے محبت" کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جواس سے قبل بن روئے‘ ہم سفر‘پرواز ہے جنون ‘میرے ہم دم میرے دوست‘دیار دل ‘ متاع جاں تو ہے ‘یقین کا سفر ‘اڈاری‘ یہ دل میرا اورکبھی میں کبھی تم جیسے سپرہٹ ڈراموں کی کہانیاں لکھ چکی ہیں۔

اس ڈرامہ سیریل کومومنہ درید پروڈکشن کے بینرتلے علی حسن ڈائریکٹ کررہے ہیں،اس ڈرامے میں احد رضا میر اور دنانیرمبین کے علاوہ آصف رضا میر‘ ضرار خان ‘خدیجہ سلیم ‘فائزہ گیلانی‘ تحسین وجاہت ‘ رابعہ رضوان ‘ زینب مظہر ‘ محمد حنبل ‘ نوین نقوی ‘ ارشد محمود ‘عرفان اللہ ‘ ابو ہریرہ ‘ رانا ظفر اور توثیق حیدر بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

"م سے محبت "میں احد رضا میرایک سنجیدہ طبع شخص طلحٰہ احمد کاکردارکررہے ہیں جو ایک چھوٹے بچے پر جان چھڑکتا ہے جبکہ آصف رضا میر اس ڈرامے میں احد رضامیر کے باپ کا کردار ادا کررہے ہیں جو اپنے بیٹے کی پریشانی میں پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

دنانیر روشی کاکرداراداکررہی ہیں  جوایک پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے گھرانے سے تعلق رکھتی ہے،تاہم اسے پڑھائی سے سخت چڑ ہوتی ہے‘وہ اپنے والدین کی خواہش پر انجینئرنگ کی ڈگری حاصل نہیں کرنا چاہتی بلکہ  کھلی فضاﺅں میں سانس لینے کی خواہش مندہوتی ہے،خدیجہ سلیم دنانیر کی بہن کا کردار ادا کررہی ہیں ‘نوین نقوی ایک طویل وقفے کے بعد روشی کی ماں جبکہ نعیمہ گرج ملازمہ کے روپ میں سکرین پر آئی ہیں،توثیق حیدر روشی کے باپ جبکہ ضرار خان روشی کے کزن عمرکا کردار ادا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ماورا حسین کاایل ایل بی کی ڈگری کارآمد بنانے کیلئے اداکاری کو خیرباد کہنے کا اشارہ

"م سے محبت " کی کہانی معاشرے کے اس المیے کو اجاگر کرتی ہے جس میں والدین اپنے بچوں کو اپنے پسندیدہ مضامین پڑھنے اور اپنی پسند کے شعبے میں جانے پر مجبور کرتے ہیں،روشی بھی ایسی ہی ایک لڑکی ہوتی ہے جسے خاندان کی روایت پر عمل کرتے ہوئے انجینئرنہیں بننا ‘ وہ والدہ کے دباﺅ میں آنے کے باوجود فرار کا راستہ تلاش کرتی ہے‘ ایسے میں جب اس کی پھوپھی سلیقہ یعنی فائزہ گیلانی اسے اپنی زندگی کی کہانی سناتے ہوئے کہتی ہے کہ اس مشکل سے نکلنے کا واحد حل شادی ہے تو وہ اپنی سادگی اور مسئلے سے فرار کی خاطر یہ قدم بھی اٹھانے کیلئے تیار ہوجاتی ہے۔