دہلی کے 40 سے زائد سکولوں کو بم سےاڑانے کی دھمکی،طلبہ کو گھر بھیج دیا گیا  

Dec 09, 2024 | 11:13:AM

(ویب ڈیسک )بھارت کے دارالحکومت دہلی میں 40 سے زائد سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس کے بعد طلبہ کو گھر واپس بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بم کی دھمکی ای میل کے ذریعے موصول ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ  سکولوں کی عمارتوں کے اندر متعدد بم نصب کیے گئے ہیں۔

مذکورہ ای میل میں لکھا ہوا ہے کہ بم چھوٹے ہیں اور بہت اچھی طرح سے چھپے ہوئے ہیں، جنہیں ناکارہ بنانے کے لیے 30000 ڈالرز کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ای میل میں لکھا ہے کہ بموں سے عمارتوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچے گا تاہم ان کے پھٹنے سے بہت سے لوگ زخمی ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب دہلی پولیس آئی پی ایڈریس کی جانچ کر رہی ہے اور ای میل بھیجنے والے کی تلاش کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ حکام بشمول ڈاگ سکواڈ، بم ڈیٹیکشن ٹیموں اور مقامی پولیس نے سکولوں میں پہنچ کر سرچ آپریشن کیا۔

ایک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ  سکولوں سے ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔

مزیدخبریں