وزیر اعظم کا اسلام آباد میں شرانگیزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے اقدامات تیز کرنے کا حکم
کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ انتشار پھیلا کر تیزی سے مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کرے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے اقدامات تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ،وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ ، مشیر وزیر اعظم رانا ثناؤاللہ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ انتشار پھیلا کر تیزی سے مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کرے،اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں،ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران کوئی بے گناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو ۔
وزیراعظم نے انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کا عمل مؤثر بنانے اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کی ہدایت کرتےہوئےفساد پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جانے کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے وفاقی پراسیکیوشن سروس کو وزارت قانون کے تحت لانے کی ہدایت کی اوراسلام آباد جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے اور اس حوالے سے فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
علاوہ ازیںِ اجلاس کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئیں جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور سیف سٹی کیمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے،اسلام آباد جیل کی عمارت اگلے سال مارچ تک مکمل کر لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں پھنسے شہریوں کا انخلاء،پاکستان نے لبنان سے مدد مانگ لی