(24نیوز)مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہے کہ حیدر آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کی میزبان پیپلز پارٹی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شازیہ مری نے کہا کہ پنڈال میں پچاس سے ساٹھ ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور میرے خیال میں یہ کرسیاں بھی کم پڑ جائیں گی۔اُنہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی سے عوام پریشان ہیں، سینٹ الیکشن کے لیے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ سینٹ الیکشن کے لئے درخواستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اب تک سینٹ الیکشن کے امیدوار فائنل نہیں کیےگئے۔
واضح رہے کہ حیدرآباد میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیے گئے۔شاہراہوں، عمارتوں کو پارٹی جھنڈوں اور قائدین کی تصاویر سے سجادیا گیا۔پیپلزپارٹی کی میزبانی میں آج ہونے والے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔